فسادات: ’قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت اقدامات’
جمعہ, 12 اگست 2011

برٹش پاکستانی وکلاء کی نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستانی لائیرز نے لندن میں فسادات کا نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث افراد کی سخت مذمت کی ہے جنہوں نے قانون اپنے ہاتھ میں لیا۔
ایک بیان میں تنظیم کے چئیرمین بیرسٹر امجد ملک نے پولیس پر زور دیا کہ لوٹ مار ،سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔ عام افراد کو تحفظ کی فراہمی اور فسادات کا دائرہ دیگر شہروں میں پھیلنے سے روکا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دائیں بازو اور جرائم پیشہ گروپس کو ان فسادات کو برطانیہ اور یورپ میں ایک مثال کے طورپر استعمال کرنے سے روکا جائے۔
انہوں نے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے اس معاملے سے جلد از جلد نمبٹنے اوراسمیں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان غیر قانونی عناصر کے خلاف جلدکاررائی عمل میں لائی جائے تاکہ جرائم پیشہ افراد نفرت اور نسلی امتیاز کو ہوا دے کر معاشرتی ہم آہنگی کو تباہ نہ کرسکیں۔



























