فیض فاؤنڈیشن کے تحت لندن میں صوفی میلہ
ہفتہ, 22 اکتوبر 2011

فیض احمد فیض کے نظریاتی و انقلابی پیغام کے فروغ کے لیے آئندہ برس لندن میں صوفی میلہ منعقد کیا جائے گا جبکہ فروری میں فیض، جالب اور استاد دامن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس پروگروام میں برصغیر پاک و ہند کے مایہ ناز فنکار شرکت کریں گے۔
اس بات کا اعلان یہاں فیض صد سالہ تقریبات کمیٹی یوکے 2011 کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے باہمی مشاورت کے بعد نئی تنظیم فیض فاؤنڈیشن یوکے کے قیام کا اعلان اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ فاؤنڈیشن برطانیہ میں رواں برس منعقد ہونے والی فیض صد سالہ تقریبات اوربالخصوص جون میں منعقد ہونے والے فیض میلہ کا تسلسل قائم رکھے گی۔
اس موقع پر تنظیم کے ڈھانچے کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق سردار مظہر علی خان سرپرست، ایوب اولیاء کنوینر اور تنویر زمان خان کوآرڈینیٹر ہوں گے جبکہ مجلس عامہ میں عاصم علی شاہ، اکرم قائم خانی، ڈاکٹر رحمان خان، شاہد دستگیر خان، ثقلین امام، زنیرہ خان اور ندیم سعید ہوںگے۔ تقریبات کے انتظامی امور کو عملی جامہ پہنانے کےلیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں کریم الدین خان، محمد شفیق اور سمعیہ علی شامل ہوں گے۔
اجلاس کے آخر میں ایک قرا رداد منظور کی گئی جس میں پاکستان اور دنیا بھر بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور انتہا پسندی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ فیض فاؤنڈیشن یوکے امن اور آتشی کے پیغام کو فروغ دے گی اور تمام امتیازی قوانین کے خاتمے کے لیے رائے عامہ ہموار کرے گی۔



























