ایسٹ لندن میں پاکستان فلڈ ریلیف انڈور کرکٹ ٹورنامنٹ
سوموار, 21 نومبر 2011
پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ہر مشکل وقت میں وطن کا ساتھ دیا ہے اور ان کا جذبہ حب الوطنی قابل فخر ہیں۔ وہ ایسٹ لندن میں پاکستان فلڈ ریلیف انڈور کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پر خطاب کررہے تھے۔
انہوں نےامید ظاہر کی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس طرح کے مقابلے منعقد کراکے پاکستان کے سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ صرف پاکستان کی بلکہ دوسرے ملکوں کی بھی مدد کرنا چاہیے کیونکہ برطانیہ میں پاکستان ، انڈین اور دوسری کمیونیٹیز میں بہترین ہم آہنگی ہے۔
اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ابرار میر اور ساجد پاٹیل نے کیا تھا جس میں لندن بھر سے بارہ مختلف ٹیموں نے حصہ لیا۔فائنل میں امان کرکٹ کلب نے پرنس کرکٹ کلب کو ہرا کر فائنل جیت لیا۔
ٹورنامنٹ کے منتظم ابرار میر نے کہا کہ کھیل ایک صحت مند انسان اور معاشرے کی نشانی ہے۔ ہم سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر اسد نواز، جی ایم خان، سمیع فاروقی اور ساجد پاٹیل نے مہمان خصوصی واجد شمس الحسن کو کرسٹل شیلڈ جبکہ ابرار میر نے جمع کیے گئے پندرہ سو پونڈ کا چیک ہائی کمشنر کو پیش کیا۔



























